حرم مطهر رضوی و پخش زنده

حرم کا تعارف | رواق توحید خانہ

حرم کا تعارف | رواق توحید خانہ
تصاویر ڈاؤنلوڈ کریں

رواق توحید خانہ

رواق توحید خانہ حرمِ مطہر امام رضا علیہ السلام کے قدیم اور تاریخی رواقوں میں شمار ہوتا ہے۔ یہ رواقِ مطہر کے شمالی جانب واقع ہے اور اس کی تعمیر کا انتساب صفوی دور کے معروف عالمِ دین ملا محسن فیض کاشانی کی جانب کیا جاتا ہے۔

یہ رواق جنوب کی سمت رواقِ دارالفیض اور دارالشکر سے متصل ہے، جبکہ مشرقی جانب ایک گذرگاہ کے ذریعے رواقِ گنبد اللہ وردی خان سے مربوط ہے۔ مغربی سمت میں ایوانِ طلای نادری واقع ہے اور شمالی جانب پنجرۂ فولاد کے ذریعے صحنِ انقلاب سے اس کا اتصال ہے۔ پنجرۂ فولاد کے عقب سے زائرین کو ضریحِ مطہر کا دیدار بھی ہوتا ہے۔

رواقِ توحید خانہ کے طول و عرض 6.8 × 35.7 میٹر اور اس کی بلندی 15 میٹر ہے۔ اس رواق کی چھت گنبد نما ہے، جس کے وسط میں روشنی کے گزر کے لیے ایک آٹھ ضلعی نورگیر بنایا گیا ہے۔

رواق توحید خانہ کا فرش سنگ خلج سے آراستہ ہے، جبکہ اس کی ازارہ، جو6.1 میٹر بلند ہے، سنگ مرمر سے بنائی گئی ہے اس پر اسلیمی اور ختائی نقوش نہایت نفاست کے ساتھ منبت کاری کے ذریعے ابھارے گئے ہیں ازارہ کے نقش و نگار کا تعلق کاشانی نقاش و تذہیب کار سید باقر قمصری سے ہے اور یہ فن پارہ1250 ہجری قمری کا ہے۔

ازارہ کے بالائی حصے میں 50 سینٹی میٹر چوڑی ایک کتیبہ نصب ہے، جس پر خط ثلث میں خواجہ نصیر الدین طوسی کی بارہ امام علیہم السلام سے متعلق دعا کندہ کی گئی ہے اس کتیبے میں بعض مقامات پر عبارتوں کی تکرار بھی دکھائی دیتی ہے۔

کتیبے کے اختتامی حصے میں 1276ہجری قمری میں آستانۂ قدس رضوی کے متولی باشی عضدالملک کے حکم سے رواق کی تعمیر و مرمت کا ذکر ملتا ہے اسی طرح رواقِ توحید خانہ کے جنوبی حصے میں ازارہ کے بالائی کتیبے پر معروف شاعر خاقانی کی ایک قصیدہ درج ہے، جس میں حضرت امام رضا علیہ السلام کی مدح و منقبت بیان کی گئی ہے یہ قصیدہ خطِ نستعلیق میں تحریر ہے۔

رواق کی چھت اور دیواریں آئینہ کاری سے مزین ہیں اور ان پر رسمی بندی، مقرنس کاری، اسلیمی نقوش، شمسی نقش و نگار اور مختلف اقسام کے ہندسی گِرہیں نہایت خوب صورتی سے جلوہ گر ہیں، جو اس رواق کی معماری اور فنّی عظمت کو نمایاں کرتی ہیں۔

رواق توحید خانہ کی چھت اور آئینہ کاری کو نمی کے باعث پہنچنے والے نقصان کے سبب 1955میں اس رواق کی مکمل مرمت و بازسازی کی گئی۔

اس تاریخی رواق میں متعدد جلیل القدر شخصیات بھی مدفون ہیں، جن میں میرزا مهدی اصفہانی، سید جواد خامنہ ای (مقام معظم رہبری کے والد) اور سید عبداللہ شیرازی شامل ہیں۔

#حرم امام رضا علیه السلام #حرم کا تعارف#رواق
امام رضا علیہ السلام کی مخصوص صلوات
اللَّهُمَّ صَلِّ عَلَى عَلِيِّ بْنِ مُوسَى الرِّضَا الْمُرْتَضَى الْإِمَامِ التَّقِيِّ النَّقِيِ
وَ حُجَّتِكَ عَلَى مَنْ فَوْقَ الْأَرْضِ وَ مَنْ تَحْتَ الثَّرَى الصِّدِّيقِ الشَّهِيدِ
صَلاَةً كَثِيرَةً تَامَّةً زَاكِيَةً مُتَوَاصِلَةً مُتَوَاتِرَةً مُتَرَادِفَةً كَأَفْضَلِ مَا صَلَّيْتَ عَلَى أَحَدٍ مِنْ أَوْلِيَائِكَ